اُشنا شاہ اپنے شوہر حمزہ امین سے کیسے ملیں؟

May 29, 2023

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل اُشنا شاہ نے بتایا ہے کہ وہ اپنے شوہر حمزہ امین سے کیسے ملی تھیں۔

اُشنا شاہ ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ ہیں جنہوں نے متعدد مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔


اُشنا شاہ اپنے بے باک خیالات اور بیانات کے سبب بھی خوب جانی جاتی ہیں ۔

اداکارہ نے حال ہی میں جیو نیوز کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔

اس دوران اداکارہ کا اپنے شوہر سے متعلق بات کرتے ہوئے بتانا تھا کہ اُن کی اور اُن کے شوہر کی کسی تیسرے شخص نے ملاقات کروائی تھی اور ایسے ہی اِن دونوں میں پیار اور پھر شادی ہو گئی۔


اُشنا شاہ کا بتانا تھا کہ اُن کے شوہر اپنی یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کرنے تک پاکستان، اسلام آباد میں تھے، اُس کے بعد وہ آسٹریا چلے گئے تھے۔

اداکارہ نے شو کے دوران اپنے شادی کے لال لہنگے اور اس پر ہونے والی تنقید پر بھی کھُل کر بات کی۔


اُشنا شاہ کا کہنا تھا کہ میرا شادی کا لہنگا دیکھ کر مداحوں کو لگا کہ جیسے یہ بھارت سے مجھے مودی نے بھجوایا ہے، میں کوئی اینٹی اسٹیٹ بھارتی دُلہن بن گئی ہوں، اُن کی والدہ سمیت پاکستان کی سب ہی خواتین شادی پر لال رنگ پہنتی ہیں، ہاں بس میں نے چولی منفرد پہن لی تھی اور ہار بھی پہنا ہوا تھا اسی لیے مجھ پر اتنی تنقید کی گئی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اُنہیں اتنی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔