نواز الدین صدیقی کا ’بڑے بجٹ کی فلموں‘ میں کام کرنے کا موقع نہ ملنے پر ردِعمل

May 29, 2023

نوازالدین صدیقی، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے ’بڑے بجٹ کی فلموں‘ میں کام کرنے کا موقع نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

نواز الدین صدیقی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اس حقیقت کے بارے میں بات کی کہ بہترین اداکارانہ صلاحیتوں کے باوجود بھی کبھی اُنہیں ’بڑے بجٹ کی فلم‘ میں کام کرنے کی پیشکش نہیں کی گئی۔

اُنہوں نے کہا کہ آج معمولی اداکاروں کو توجہ اس لیے حاصل ہو رہی ہے کیونکہ ان کے پاس پیسہ اور طاقتور دوست ہیں جو ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ان کے لیے مواقع پیدا کرتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کیونکہ ان معمولی اداکاروں کے انڈسٹری میں اتنے طاقتور دوست ہیں تو ہم جانتے ہیں کہ ہم ان کے خلاف نہیں بول سکتے۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے نواز الدین صدیقی نے بالی ووڈ کے دوسرے تجربہ کار اداکاروں کا حوالہ بھی دیا جنہیں ابھی تک وہ شناخت نہیں ملی جن کے وہ مستحق ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں ہوں یا عرفان خان یا منوج باجپائی، ہمارے ساتھ کسی نے بڑی فلم نہیں بنائی، ہم پر کسی نے بھی آج تک 50 کروڑ روپے نہیں لگائے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جب وہی اداکار مر جاتے ہیں تو لوگ انہیں اب تک کا سب سے عظیم اداکار کہتے ہیں لیکن جب زندہ ہوتے ہیں تو انہیں عزت نہیں دیتے۔