اسٹیج پر بہت پرفارم کیا، اب ایک نیا تجربہ کرنے جارہے ہیں، بشریٰ انصاری

May 30, 2023

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ’ملکہ تبسم بشریٰ انصاری اسٹینڈ اپ کامیڈی شو‘ کے حوالے سے تعارفی تقریب کا انعقاد آڈیٹوریم ون میں کیا گیا۔ جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، معروف اداکارہ بشریٰ انصاری، ساجد حسن، داور محمود، سید نی نی اور سعد خان نے بریفنگ دی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہمارے ساتھ داور نے جتنا بھی کام کیا ہے بہت اچھا ہے۔ ہم نے بہت سے فنکاروں کے ون مین شو کیے ہیں۔ داور کافی عرصے سے بشریٰ انصاری سے درخواست کررہے تھے۔ بڑی مشکل سے یہ صورت حال بن سکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہت کم لوگ ہیں جو یہ بوجھ اٹھا سکتے ہیں۔ بشریٰ انصاری تو ڈارلنگ ہے۔ ہمارے پاس اتنی بڑی خاتون سیلیبرٹی کوئی نہیں ہے۔ کامیڈی، سیریس، ہیومر ہر اداکاری میں بشریٰ انصاری کمال کرتی ہیں۔

محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ جیسے انور مقصود کا خاندان ہے ایسے ہی بشریٰ انصاری کا خاندان ہے۔ ہم نے لاہور میں احمد بشیر صاحب کا کنبہ سیشن بھی کیا تھا۔ مجھے یقین ہے کہ داور کی کوئی پروڈکشن فیل نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ون مین شو یا تھیٹر میں سب پرفارم کر رہے ہوتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ شو بھی اچھا ہو گا۔ ہمارا میڈیا آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو بہت سپورٹ کرتا ہے۔ لوگوں کو ایک ریلیف اور بریک چاہیے۔ صبح سے شام تک بری خبریں ہی ہوتی ہیں ایسے میں کوئی ایک گھنٹہ تفریح کا مل جائے تو کیا ہی بات ہے۔ بشریٰ انصاری اور انور مقصود کی آڈینس کراچی میں ہے۔ بشریٰ کی ڈکشنری میں فیل ہونا لکھا ہی نہیں ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں بہت نروس ہو رہی ہوں۔ یہ اسٹینڈ اپ کامیڈی ہے۔ باہر ملک میں مزاح آزاد ہے۔ وہاں کے لوگ فکروں سے آزاد ہیں۔ ان کے اسٹینڈ اپ سے میرے شو کا موازنہ نہ کیا جائے۔ جو کچھ میں کرتی آئی ہوں وہی آگے لے کر چلوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا آپ سب سے تعلق 45 سال پرانا ہے۔ پہلے میں نے کہا کہ یہ مجھ سے نہیں ہو پائے گا۔ اسٹینڈ اپ میں لوگ گندی گندی باتیں کر جاتے ہیں۔ میں ایسا کچھ نہیں کر سکتی۔ میں اسٹیج پر پہلے بھی کافی کچھ کرتی آئی ہوں۔ یہ میرے لیے ایک نیا تجربہ ہو گا۔ آپ اسے اسی طرح دیکھیں گے جیسا آپ مجھے دیکھتے آئے ہیں۔

ساجد حسن نے کہا کہ احمد شاہ کی سربراہی میں ہماری ٹیم بن چکی ہے۔ جوانوں میں ایسا ہی جذبہ ہونا چاہیے جیسا داور میں ہے۔ بشریٰ انصاری اور انور مقصود ایسے لوگ ہیں جن کے بارے میں کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے والی بات ہے۔ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بشریٰ کا بہت بڑا نام ہے۔

سید نی نی نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ اب ہر نیوز چینل پر نظر آتی ہے۔ ہم نے سوچا ون مین شو کیا جائے۔ ہمارا پہلا انتخاب بشریٰ انصاری ہی تھیں۔ بشریٰ انصاری کے ساتھ بیٹھ کر اسکرپٹ تیار کیا۔ ہم بہت پر امید ہیں کہ شو کامیاب ہو گا۔ نام ملکہ تبسم اس لیے رکھا کہ سب کے چہروں پر مسکراہٹ آئے۔

ایکٹو میڈیا کے سی ای او سعد خان نے کہا کہ امید ہے بشریٰ انصاری کی پرفارمنس سے دیکھنے والے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔

ڈائریکٹر داور محمود نے کہا کہ 25 جون سے 10 جولائی تک ملکہ تبسم کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا۔