چیئرمین آئی سی سی کا پاکستان میں مجوزہ ایشیاکپ کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

May 31, 2023

آئی سی سی چیئرمین اور پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی۔

پاکستان میں مجوزہ ایشیاکپ کے سیکیورٹی انتظامات کے جائزے کیلئے چیئرمین آئی سی سیگریگ بارکلے نے لاہور کا دورہ کیا۔

چیئرمین آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کے ہمراہ سیف سٹیز اتھارٹی گئے۔ گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس نے کیمروں سے نگرانی کا جائزہ لیا۔

مینجنگ ڈائریکٹر محمد کامران خان نے ایشیا کپ کےلیے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

چیئرمین آئی سی سی نے شہر بھر میں نصب کیمروں سے روٹس کو مانیٹر کیا، انہوں نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی سی سی وفد کو پاکستان دورہ کرنے والی ٹیموں کو دی جانے والی سیکیورٹی کی ویڈیوز دکھائی گئیں۔

وفد کو ایئرپورٹ، اسٹیڈیم روٹس، ہوٹلز، پارکنگ اور پولیس فورس کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

وفد کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک پر بریفنگ دی گئی۔

ایم ڈی محمد کامران خان نے کہا کہ لاہور میں کرکٹ کےلیے سیکیورٹی انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں۔

چیئرمین آئی سی سی کا کہنا تھا کہ سیف سٹی لاہور کا انفرااسٹرکچر دنیا کے بہترین سسٹمز میں سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آکر اچھا محسوس کر رہا ہوں، کرکٹ کیلئے پاکستانیوں کا جذبہ دیدنی ہے۔