ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی امریکی مسلمانوں سے ڈاکٹر عافیہ کیلئے مدد کی اپیل

June 02, 2023


امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کی وفاقی جیل میں گزشتہ 20 سال سے قید اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے تیسری اور الوداعی ملاقات کے بعد ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پلانو کی مسجد میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنی بہن سے ملاقات کی روداد سناتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی آبدیدہ ہوگئیں جبکہ کئی افراد بھی شدت غم سے رو پڑے۔

‎پاکستانی امریکی کمیونٹی اور دیگر اقوام کے مسلمانوں سے خطاب کے دوران ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ جس تشدد اور قید و بند کی صعوبتوں سے گزری ہیں اس میں اس کا زندہ رہنا ہی معجزہ ہے اور میں نے جیل میں آخر کار ظالم اور مظلوم کو ایک ہی چھت تلے دیکھا۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکی مسلمانوں سے ڈاکٹر عافیہ کیلئے مالی قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کر نے کی اپیل کی۔مسجد میں منعقدہ اس اجتماع میں موجود پاکستانی امریکنز اس گفتگو سے کافی دکھی نظر آئے۔

‎انہوں نے کہا کہ امریکا کا ویزا دلوانے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ‎بہت مدد کی جس پر انہوں نے وزیراعظم سے تشکر کا اظہار کیا۔ ‎مسجد میں ہونے والے اجتماع سے جماعت اسلامی کے سنیٹر مشتاق احمد اور ممتاز عالم یاسر قاضی نے بھی خطاب کیا۔

‎ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کو کراچی سے اغوا کیا گیا اور ان کے حوالے سے میڈیا اور وکی پیڈیا پر جو معلومات گردش کرتی رہی ہیں وہ اسی ذریعہ کی ہیں جس نے گرفتار کیا، پابند و سلاسل کیا اور 86 سال قید کی سزا سنائی۔

‎سنیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم مل کر پوری قوت کے ساتھ آواز اٹھائیں تاکہ حکومتیں ایک مظلوم عورت کو رہا کرنے پر مجبور ہوجائیں۔