بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے چیف کی گرفتاری کا ایک اور الٹی میٹم

June 03, 2023

فائل فوٹو

بھارت کی ریاست ہریانہ میں ہونے والی مہا پنچائیت نے حکومت کو بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے چیف برج بھوشن کو گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہا پنچائیت نے خواتین ریسلرز کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے برج بھوشن کو گرفتار کرنے کے لیے 9 جون کی ڈیل لائن دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق گرفتاری نہ ہونے پر پنچائیت نے ریسلرز کے ساتھ دہلی تک مارچ کرنے اور ان کے احتجاج میںشامل ہونے کی دھمکی دی ہے۔

کسانوں کے رہنما راکیش ٹیکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت کو مذاکرات سے مسائل حل اور برج بھوشن کو گرفتار کرنا چاہیے، گرفتاری نہ ہونے پر ہم ملک میں ہر جگہ پنچائیت لگائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پنچائیت، کسانوں کے رہنماؤں اور کئی سماجی کارکنوں کے ایک پیج پر آنے کے بعد حکومت کی جانب سے مذاکرات کا اشارہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 31 مئی کو بھارتی خواتین ریسلرز نے بھی جنسی ہراسانی پر فیڈریشن چیف برج بھوشن کے خلاف کارروائی کے لیے5 دن کا الٹی میٹم دیا تھا۔

ریسلرز کا کہنا ہے کہ کارروائی نہ ہوئی تو تمغے احتجاجاً دریائے گنگا میں بہا دیے جائیں گے جبکہ خواتین ریسلرز کا مطالبے نہ مانے جانے پر انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کا بھی منصوبہ ہے۔