معمر قذافی کے بیٹے نے ٹرائل کے بغیر حراست کیخلاف بھوک ہڑتال کردی

June 03, 2023

ہانیبال قذافی کی گرفتاری سے قبل اور بعد کی تصاویر

لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے صاحبزادے ہانیبال قذافی نے ٹرائل کے بغیر اپنی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہانیبال قذافی 7 سال سے زائد عرصے سے زیر حراست ہیں۔

2015ء میں لیبیا کے جنگجو انہیں شام سے اغوا کرکے لبنان لائے تھے، شام میں انہوں نے سیاسی پناہ لی ہوئی تھی۔ جنگجوؤں نے ان سے ایک عالم کے متعلق معلومات لیں جو 45 سال پہلے لاپتہ ہوگئے تھے۔

بعد ازاں ان کو بیروت جیل منتقل کیا گیا لیکن انہیں ٹرائل سے محروم رکھا گیا۔

ان کے وکیل پال رومانوس نے کہا کہ ہانیبال نے آج صبح سے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے اور وہ آخر تک اس پر کاربند رہیں گے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ہانیبال کو برسہا برس سے چھوٹے اور تنگ کمرے میں قید رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں کمر کے درد کی شکایت ہے، انہیں چلنے پھرنے یا ورزش کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ لبنان کے معروف نمایاں عالم موسیٰ الصدر 1978 سے لاپتہ ہیں، ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ لیبیا کی کسی جیل میں ہوسکتے ہیں لیکن زیادہ تر کا خیال ہے کہ ان کا انتقال ہوچکا ہے۔