ریاست ججز کو جواب دہ نہیں، عرفان قادر

June 04, 2023

فائل فوٹو

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر نے کہا ہے کہ ریاست ججز کو جواب دہ نہیں، عدلیہ قانون کے سامنے سر تسلیم خم کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں عدلیہ میں تقسیم ختم ہو، فردِ واحد کسی بھی ادارے پر حاوی نہ ہو۔

عرفان قادر کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے پارلیمان قانون بنانے سے پہلے ہم سے مشورہ کرے، کل کو حکومت اور پارلیمنٹ بھی کہہ سکتی ہے کہ فیصلہ دینے سے پہلے ہم سے پوچھ لیا کریں۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے یہ لوگ کسی خاص سیاسی گروپ کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں، مقدمات کی سماعت کے دوران سوال کیا جاتا ہے حکومت کیا کررہی ہے؟ قانون سازی سے پہلے ہم سے مشاورت کیوں نہیں کی گئی؟ آپ یہ نہیں کہہ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح پارلیمنٹ یہ نہیں کہہ سکتی کہ سپریم کورٹ کیا کررہی ہے؟ ایک سیاسی دھڑا ریاست اور اداروں کو کمزور کرنے میں مصروف ہے۔

عرفان قادر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص ججز اپنی انا کو پسِ پشت ڈالیں، آئین کی تعظیم کریں، ہم نے بھی دل بڑا کیا ہے، مل کر قوم اور ملک کے لیے کام کریں۔