سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر کھلاڑیوں کی ترقی و تنزلی کا امکان

June 04, 2023

—فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ کا قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر کام جاری ہے۔

کپتان بابر اعظم کی وطن واپسی اور سینئر کھلاڑیوں سے مشاورت کے بعد کنٹریکٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں، اس لیے پی سی بی نے اگلے ایک سالہ مدت کے لیے نئے کنٹریکٹ کے حوالے سے کام شروع کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں اور قومی کرکٹرز کی ترقی و تنزلی کا امکان ہے جبکہ کئی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم بھی ہوں گے۔

ریڈ بال اور وائٹ بال کیٹیگریز کو جاری رکھنے پر مشاورت کی جا رہی ہے، گزشتہ برس پی سی بی نے ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ کی الگ الگ کیٹیگریز متعارف کرائی تھیں۔

ریڈ اور وائٹ بال میں اے، بی اور سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹیگریز شامل تھیں۔

سابق کپتان اظہر علی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ فواد عالم، یاسر شاہ، نعمان علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور زاہد محمود کا کنٹریکٹ برقرار رکھنا مشکل ہے۔

افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللّٰہ، اسامہ میر اور زمان خان کو کنٹریکٹ دیے جائیں گے جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کو کنٹریکٹ میں ترقی ملے گی۔