’سارہ علی خان اپنی والدہ امریتا سنگھ کو ڈانٹتی ہیں, وکی کوشل کا انکشاف

June 05, 2023

بالی ووڈ اداکار وکی کوشل اور سارہ علی خان—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے اُبھرتے ہوئے اداکار وکی کوشل نے انکشاف کیا ہے کہ چھوٹے نواب سیف علی خان کی بڑی صاحبزادی اور اداکارہ سارہ علی خان اپنی والدہ کو ڈانٹتی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار وکی کوشل اور اداکارہ سارہ علی خان نے اپنی نئی فلم ’ذرا ہٹ کے، ذرا بچ کے‘ کی پرموشن کے لیے ’دی کپل شرما شو‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے پُر لطف گفتگو کر کے مداحوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔

دورانِ شو وکی کوشل نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک دن دیکھا کہ سارہ علی خان اپنی والدہ امریتا میڈم کو ڈانٹ رہی ہیں جس پر انہوں نے ان سے معلوم کیا کہ سب خیریت تو ہے؟ بات کیا ہے؟ جس پر سارہ نے کہا کہ ممی کو عقل ہی نہیں ہے، 1600 روپے کا تولیہ خرید کر لے آئی ہیں اور اس بات پر یہ اپنی ممی کو مستقل جھاڑتی رہیں۔

اداکارہ سارہ علی خان نے وکی کوشل کی بات پر کہا کہ وینیٹی وین میں یہ لوگ روز مفت کے دو تین تولیے رکھتے ہیں، ان ہی میں سے استعمال کر لیں، 1600 روپے کا تولیہ کون خریدتا ہے؟

یہ سُن کر میزبان کپل شرما نے اداکارہ سارہ علی خان کی کفایت شعاری پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے تو ایسا لگتا ہے کہ سارہ پیک اپ کے بعد ڈنر بھی سیٹ پر ہی کر کے جاتی ہوں گی‘۔

خیال رہے کہ وکی کوشل اور سارہ علی خان کی رومانٹک کامیڈی فلم ’ذرا ہٹ کے، ذرا بچ کے‘ 2 جون کو ریلیز ہو چکی ہے اور اس نے پہلے ہی دن 5.49 کروڑ بھارتی روپے کمائے۔