• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی کوریا نے سمندر کی جانب بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے: جنوبی کوریا

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

شمالی کوریا نے مشرقی ساحل سے سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے، جنوبی کوریا کی فوج کا دعویٰ ہے کہ میزائل نے 700 کلو میٹر سے زیادہ فاصلہ طے کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ میزائل مشرقی ساحلی شہر وونسان سے فائر کیا گیا، میزائل کے تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا جبکہ فوج نے مزید میزائل تجربات کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا۔

جنوبی کوریا نے امریکا اور جاپان کے ساتھ میزائل سے متعلق انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے کا اعلان کیا ہے۔ 

جاپان نے بھی ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔

امریکی پیسیفک کمانڈ کے مطابق اسے میزائل تجربے کا علم ہے اور وہ اتحادیوں اور شراکت داروں سے رابطے میں ہے۔

امریکی کمانڈ نے کہا ہے کہ موجودہ جائزے کے مطابق یہ واقعہ امریکی اہلکاروں یا علاقے اور اتحادیوں کے لیے فوری خطرہ نہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربہ کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ کے جنوبی کوریا کے مطالبے کو مسترد کرنے کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ جنوبی کوریا نے سرحدی علاقے میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں پر شمالی کوریا سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا جن میں 3 جنوبی کوریائی فوجی شدید زخمی ہوئے تھے۔

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا سے سرحد پر بارودی سرنگیں اور ٹینک شکن رکاوٹیں نصب کرنے سمیت دفاعی حصار مضبوط بنانے کی کارروائیاں روکنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

کم یو جونگ نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا جنوبی کوریا سے تعلقات مستقل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے یہ حالیہ ہفتوں میں فوجی طاقت کے متعدد مظاہروں میں تازہ ترین واقعہ ہے۔

ان میں مبینہ ہائپر سونک میزائل نظام کے تجربات، براہِ راست فائرنگ کی مشقیں اور نئے جنگی بحری جہاز کی شمولیت شامل ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید