صفیہ السہیل سعودی عرب میں عراق کی پہلی خاتون سفیر بن گئیں

June 06, 2023

عراق کی تجربہ کار سیاستدان اور سابق سفیر برائے روم اور عمان صفیہ السہیل نے ریاض میں اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔

وہ سعودی عرب میں عراق کی طرف سے تعینات کردہ پہلی خاتون سفیر ہیں۔

ان کا تقرر ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعاون نئی حدوں تک جا رہا ہے۔

صفیہ السہیل کون ہیں؟

صفیہ بغداد میں 1965 میں پیدا ہوئیں، ان کے والد شیخ طالب السہیل کو صدام حسین کے دور صدارت میں 1994 کے دوران بیروت میں خفیہ ایجنسی کے ہرکاروں نے قتل کر دیا تھا۔

صفیہ السہیل 2005ء سے 2014ء کے دوران دو بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں۔

وہ خارجہ تعلقات کمیٹی کی رکن تھیں اور عراقی یورپی پارلیمانی دوستی کمیٹی کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔

صفیہ کو 2016 سے 2019 تک اردن میں بطور سفیر تعینات کیا گیا، بعد ازاں 2020 تا 2022 وہ اٹلی میں عراق کی سفیر مقرر ہوئیں۔