سول اسپتال انتظامیہ کو آج ہی خواجہ سرا مریضوں کا علاج شروع کرنے کا حکم

June 07, 2023

فائل فوٹو

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے سول اسپتال کی انتظامیہ کو آج ہی خواجہ سرا مریضوں کا علاج شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

سول اسپتال میں ایچ آئی وی ایڈز کے شکار خواجہ سراؤں کا علاج نہ کرنے کے معاملے پر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر عدالت نے کہا کہ طے کردہ پروٹوکولز کے مطابق خواجہ سرا مریضوں کا علاج یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔

عدالت نے سول اسپتال کے نمائندے سے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ آپ کو دوبارہ زحمت دیں۔

عدالت نے سیکریٹری صحت سے گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کرلی۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر ہریش کمار نے کہا کہ ہم نے فوکل پرسن مقرر کر رکھا ہے، خواجہ سرا آج ہی سول اسپتال سے رجوع کریں ہم علاج کے لیے تیار ہیں۔

ڈاکٹر ہریش کمار نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو کچھ غلط فہمی ہو سکتی ہے، کبھی امتیازی سلوک کا نہیں سوچا، ایچ آئی وی پازیٹیو مریض کے علاج سے پہلے اسکریننگ کا مرحلہ آتا ہے۔

جسٹس یوسف علی سعید نے سوال کیا کہ ایچ آئی وی ایڈز کیسز میں کیا پروٹوکولز ہیں؟

جس پر ڈاکٹر ہریش کمار نے کہا کہ علاج کے لیے باقاعدہ پروٹوکولز موجود ہیں۔

واضح رہے کہ شہزاد رائے اور حنا بلوچ نے سارہ ملکانی ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سول اسپتال انتظامیہ ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کا علاج نہیں کر رہی۔