70 سالہ سعودی شخص 40 برس سے نہیں سویا

June 07, 2023

فائل فوٹو

سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر ان دنوں ایک 70 سالہ سعودی شخص نے سب کو حیرت میں مبتلا کیا ہوا ہے، جو گزشتہ تقریباً 4 دہائیوں سے جاگ رہا ہے۔

سعودی عرب کے علاقے الباحہ کے رہائشی سعود بن محمد الغامدی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ تقربیاً 40 برسوں سے بے خوابی کا شکار ہیں۔

انہوں نے سب سے پہلے یہ انکشاف 2018 میں کیا تھا تاہم حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز اب بھی ان کی بیماری کی تشخیص کرنے سے قاصر ہیں۔

سعود بن محمد الغامدی کے مطابق وہ ذہنی طور پر بیمار ہیں اور نہ ہی انہیں کوئی ایسی پریشانی ہے جس کے باعث ان کی نیند ان سے روٹھ گئی ہو۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ان پر کسی قسم کے جادو کے اثرات بھی نہیں ہیں تاہم انہوں نے ڈاکٹروں کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے ذہنی تناؤ کا علاج بھی کروایا، اس کے علاوہ کئی شیخوں سے بھی رابطہ کیا اور اس حالت پر بات کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

سعود بن محمد الغامدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے باحیثیت فوجی میدان میں کام کیا ہے، فوج میں ابتدائی برسوں میں ایک مشن کے دوران تقریباً 20 دن تک بغیر نیند کے گزارے بعدازاں یہ مسئلہ مسلسل صورت اختیار کر گیا۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس تکلیف اور اضطرابی کیفیت کے باوجود اچھی زندگی بسر کررہے ہیں اور اپنا کام بدستور کر رہے ہیں۔