قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ مجھے مداحوں کی صرف ایک عادت بالکل پسند نہیں ہے۔
شاہد آفریدی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے مخلتف پہلوؤں پر دلچسپ انداز میں گفتگو کی۔
اُنہوں نے اپنے مداحوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے مداحوں کی صرف ایک عادت نہیں پسند اور وہ یہ کہ جب میں اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ کہیں جا رہا ہوتا ہوں تو لوگ پیچھے سے چُھپ چُھپ کر ویڈیوز بناتے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ مداح صرف عوامی مقامات یا ایئر پورٹ پر ایسا کرتے ہوں تو بھی خیر ہے لیکن جب حج، عمرے یا مقدس مقامات پر جاؤں تو وہاں پرائیویسی بالکل ختم ہو جاتی ہے کیونکہ میری اہلیہ مکمل پردہ کرتی ہیں اور بہت سارے لوگ ان مقامات پر بھی ویڈیوز بنا رہے ہوتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ خانہ کعبہ کے طواف کے دوران میں نے منع کرنے کے باوجود بھی ویڈیوز بنانے والوں کا موبائل چھینا لیکن چونکہ وہ اللّٰہ کا گھر ہے اس لیے میں نے ان لوگوں سے بعد میں معافی بھی مانگی۔
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیز مجھ سے بالکل برداشت نہیں ہوتی۔