نوازشریف کی 21 اکتوبر کو واپسی کا پروگرام فائنل ہے، شہباز شریف

September 25, 2023

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کےلیے لندن آنے والے پارٹی رہنماؤں کو پروگرام کینسل کرنے کا کہہ دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کا پروگرام فائنل ہے، ملکی عوام تاريخی استقبال کریں گے، تمام پارٹی رہنما 21 اکتوبر سے قبل بیرون ملک سفر نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کےلیے لندن آنے والے تمام پارٹی بھی پروگرام کینسل کریں اور ن لیگی قائد کے استقبال کےلیے اپنے حلقوں میں وقت دیں۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف پروگرام کے مطابق پاکستان پہنچیں گے اور عوام اُن کا والہانہ استقبال کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کا بیانیہ سابقہ ادوار کی کارکردگی ہو گی، نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیا اور اربوں روپے کا سی پیک شروع کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں مہنگائی کم ترین سطح پر تھی، نواز شریف ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں روکا گیا تھا۔