جنگ بندی بغیر کسی توسیع کے ختم، غزہ پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 21 فلسطینی شہید

December 01, 2023

---فائل فوٹو

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی بغیر کسی توسیع کے ختم ہو گئی اور آج ہی اسرائیلی فورسز نے حملے کر کے 21 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غزہ وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح میں فضائی حملہ کیا جس سے 6 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ غزہ سٹی پر اسرائیلی بمباری سے 2 بچے شہید ہوئے۔

7 دن کی جنگ بندی ختم ہوتے ہی شمالی غزہ میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوگئی تھیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کا آغاز 24 نومبر سے ہوا تھا جس کے بعد اس میں 2 مرتبہ توسیع بھی کی گئی تھی۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملہ کیا ہے، اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے پر بم باری کی ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیاروں نے نچلی پروازیں بھی کی ہیں اور شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

وزارتِ داخلہ غزہ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں حماس کے خلاف جنگ شروع کر دی ہے اور اسرائیلی طیارے غزہ میں حماس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اسرائیلی علاقے کی جانب فائر کا الزام عائد کیا ہے۔