غزہ کے گنجان حصوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری

December 03, 2023

---فائل فوٹو

اسرائیل نے غزہ کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہ چھوڑا اور مزید 263 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نصائرات کیمپ میں متعدد گھروں پر بمباری کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 13 فلسیطنی شہید ہوگئے جبکہ جبالیا کیمپ، شجاعیہ اور خان یونس میں بم باری سے 250 فلسطینی شہید ہوئے۔

اسرائیل فلسطینیوں کو مصری سرحد کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے اور حماس کو نشانہ بنانے کے نام پر ایک ایک کر کے تمام بستیاں اجاڑ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے قطر کا رہائشی پراجیکٹ ’حمد سٹی‘ بم باری کر کے تباہ کردیا۔ اس موقع پر اپنے گھر کو تباہ ہوتا دیکھ کر کوریج کرنے والی صحافی بھی رو پڑی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شمالی غزہ سے جبری انخلا کے بعد فلسطینیوں کی اکثریت بے گھر اور جنوبی غزہ میں پناہ لیے ہوئی ہے۔

مغربی کنارے میں بھی رات بھر کارروائیوں کے دوران 60 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق مسجد اقصیٰ کے امام کے گھر پر بھی چھاپا مارا گیا ہے۔

’غزہ میں بجلی نہیں، امدادی سامان کی فراہمی بھی رُک گئی‘

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ 52 روز سے غزہ میں بجلی نہیں اور جنگ بندی ختم ہونے کے بعد امدادی سامان کی فراہمی بھی رُک گئی یے۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی غزہ میں فقط آٹا محدود پیمانے پر تقسیم کیا جاسکا ہے اور فلسطینیوں کو پانی بھی میسر نہیں ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کئی علاقوں میں بیماریوں کا پھیلاؤ بھی تیز ہوگیا ہے۔

’غزہ کے اسپتالوں کی صورتحال ناقابل تصور ہے‘

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہینوم کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں کی صورتحال ناقابل تصور ہے، جنوبی غزہ میں نصر اسپتال کے حالات ناقص سے بھی بدتر ہیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہینوم نے کہا ہے کہ اسپتال میں اس کی گنجائش سے تین گنا زائد مریض موجود ہیں، مریضوں کا علاج زمین پر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مریض درد سے چیخ رہے ہیں، صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ تک نہیں مل رہے۔

شہدا کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز

رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 40 ہزار 650 سے زیادہ ہے۔

اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد میں نصف سے زائد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔