بابر اعظم شان مسعود کے ساتھ ساتھ ہیں، سرفراز احمد

December 04, 2023

وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہبابر اعظم ٹیم میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، بابر نئے کپتان شان مسعود کے ساتھ ساتھ ہیں۔

کینبرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ٹف ہوتی ہیں، آسٹریلیا ایک ٹاپ کلاس ٹیم ہے ہمارا گول میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنا اور سیریز جیتنا ہے۔

انہوں نے ٹور میچ سے متعلق کہا کہ چار روزہ میچ کے لیے پرائم منسٹر الیون اچھی ٹیم ہے ہمیں اچھی پریکٹس ملے گی۔

نئے کپتان شان مسعود سے متعلق انہوں نے کہا کہ شان مسعود پہلی مرتبہ کپتانی کر رہے ہیں، کپتانی اعزاز کی بات ہوتی ہے۔ محمد حفیظ کے ساتھ ان کا تعلق اچھا ہے، شان مسعود اچھی طرح ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ٹیم میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، بابر نئے کپتان شان مسعود کے ساتھ ساتھ ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ انفرادی گول ہر کسی کا ہوتا ہے لیکن پاکستان سے نکلتے وقت ہم ٹیم کا گول بنا کر نکلے تھے۔ ہمارا مقصد یہی ہے کہ ہم نے یہاں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے۔ کوشش یہی ہے کہ سیریز جیتنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انفرادی گول یہ ہے کہ اگر موقع ملتا ہے تو بیٹنگ اور کیپنگ میں بہترین دینا ہے۔ جب آپ کرکٹ کھیلتے ہیں تو جو بھی رول دیا جائے آپ اس کے لیے تیار رہتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ رضوان اور مجھے جو بھی رول دیا جائے گا اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیا ٹاپ کوالٹی سائیڈ ہے اور آپ اس کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلیا اپنے ملک میں ہمیشہ ٹف رہی ہے اور کوشش کریں گے کہ آسٹریلیا کو ٹف ٹائم دیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم بہت اچھی ہے میدان میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے، دونوں ٹیمیں اچھی ہیں میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے۔

ڈیوڈ وارنر سے متعلق سرفراز احمد نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کےلیے نیک خواہشات ہیں، کوشش کریں گے کہ انہیں جتنا جلد آؤٹ کر سکیں کریں۔ ہماری کوشش ہے کہ آسٹریلیا کو اچھا اسٹارٹ نہ لینے دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرتھ ٹیسٹ کےلیے اچھی تیاری کر رہے ہیں، ہمارے فاسٹ بولرز اچھے ہیں جو ٹیم میں شامل ہیں نسیم شاہ کی کمی پوری کر سکتے ہیں۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے ٹور پر چیلنجز ہوتے ہیں۔ یہاں نیٹ پر بھی بڑے مضبوط بولرز ملتے ہیں۔