سرفراز اور سعود کی مبینہ تکرار، ترجمان کرکٹ ٹیم کا بیان آگیا

December 06, 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد اور نوجوان بیٹر سعود شکیل کے درمیان کینبرا میں پریکٹس سیشن کے دوران مبینہ طور پر تکرار ہوئی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

دونوں نے پریکٹس سیشن کے دوران ایک دوسرے پر زبانی وار کیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں چار روزہ میچ کھیل رہی ہے، جہاں پریکٹس سیشن کے دوران سابق کپتان سرفراز احمد اور بیٹر سعود شکیل کے درمیان مبینہ تکرار ہوئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر ترجمان کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ سرفراز اور سعود مذاق میں ٹرینر کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحث والی کوئی بات نہیں تھی۔ دونوں میں احترام والا رشتہ ہے، اختلافات کی باتیں بےبنیاد ہیں۔