کنزرویٹو پارٹی میں نسل پرستی کا کوئی مسئلہ نہیں، سینئر رہنما مارک ہارپر

March 19, 2024

لندن (نمائندہ جنگ) کنزرویٹو پارٹی کے سینئر رہنما اورکابینہ کے رکن مارک ہارپر نے اس امر کی تردید کی ہے کہ ان کی پارٹی میں نسل پرستی کا مسئلہ ہے۔ پارٹی کو ایسے عطیہ دہندگان جن پر نسل پرستی کا الزام ہے، ان سے رقم وصول کرنے پرتنقید کا سامنا ہے۔ ٹرانسپورٹ سیکرٹری مارک ہارپر کا کہنا تھا کہ کابینہ میں ہر نسل کے افراد موجود ہیں اور وہ اب تک کی سب سے متنوع کابینہ ہے۔ واضح رہے کہ پارٹی کو عطیہ کرنے والے فرینک ہیسٹر نے مبینہ طور پر یہ کہنے کے بعد معافی مانگی تھی کہ سابق رکن پارلیمنٹ ایان ایبٹ کی وجہ سے انہیں تمام سیاہ فام خواتین سے نفرت ہے اور ایان ایبٹ کو گولی مار دی جانی چاہئے۔ پارٹی کی جانب سے مسٹر ہیسٹر کےتبصرے کو غلط اور نسل پرستانہ قرار دیئے جانے کے باوجود اس نے 10 ملین پائونڈ کا عطیہ واپس نہیں کیا ہے۔ مارک ہارپر نے اس بات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ پارٹی نے مسٹر ہیسٹر کے مزید پانچ ملین پائونڈ وصول کئے ہیں۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پارٹی کونسل کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے تو انہوں نے کہاکہ قطعی نہیں اور خود وزیراعظم بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کا تعلق ایسی پارٹی سے ہے جس کی قیادت ایک ایشیائی وزیراعظم کر رہا ہے اور یہ ایک ایسی پارٹی ہے جو برطانیہ بھر کے لوگوں کا خیرمقدم کرتی ہے جن کا تعلق خواہ کسی بھی پس منظر سے ہو۔