ہل میں مردوں کو دفنانے کے ذمہ دار ڈائریکٹروں کے خلاف تحقیقات

March 19, 2024

لندن (پی اے) ہل میں مردوں کودفنانے کے ذمہ دار ڈائریکٹروں کی خلاف تحقیقات کے دوران تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ قبرستان سے برآمد ہونے والی تمام 35لاشوں کی شناخت کرلی گئی تھی، تاہم لاشوں کے برآمد ہونے کی خبروں پر مرنے والوں کے عزیزواقارب کی جانب سے خاصی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ہمبر سائیڈ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کو مرنے والوں کے لواحقین کی جانب سے 1,500سے زیادہ فون کالز موصول ہوئیں۔ اس تفتیش کے حوالے سے کچھ تفصیلات سامنے آئی ہیں لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ اسے مرنے والوں کے حوالے سے تشویش ہے۔ مہذب طریقے سے مردوں کو دفنانے کے قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں 2افراد کو گرفتار کیا گیا تھا لیکن انھیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ ایک46سالہ مرد اور 23سالہ خاتون کو بھی فراڈ، غلط نمائندگی اور اپنیحیثیت کے غلط استعمال کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ 35مرنے والوں کی یاد میں جمعہ کی سہ پہر ایک یادگار اجتماع ہوا، جس میں 30 سے زیادہ افراد نے شرکت کی، اس موقع پر مرنےوالوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے موم بتیان روشن کی گئیں اور پھول رکھے گئے۔ اس تقریب کے مہتمم کارن ڈے جنہوں نے 2016اور 2019میں اپنے والدین کی کمپنی کے ذریعے تدفین کرائی تھی، کا کہنا تھا کہ میری فیملی کی تدفین کی گئی لیکن ان کی راکھ چاروں طرف بکھری ہوئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ میں یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ یہ راکھ میرے والدین کی ہے یا کسی اور کے عزیزوں کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ مل کر معاملے کی تفتیش کررہی ہے اور اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ جو کچھ برآمد کیا گیا ہے، وہ انسانی راکھ ہی ہے یا کچھ اور۔ اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل Thom McLoughlin کا کہنا ہے کہ اس واقعے پر فیملیز کی پریشانی سمجھ میں آنے والی بات ہے، اس بات کا تعین کرنے کیلئے کہ برآمد کی گئی راکھ انسانی ہے، اسپیشلسٹ ٹیم کام کررہی ہے، 6 مارچ کو مرحومین کی لاشوں کو رکھنے اور ان کے انتظام کے حوالے سے اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے 3 انڈیپنڈنٹ فونرل ڈائریکٹرز کے علاقوں کا محاصرہ کرلیا تھا، تاہم بعد میں ہیسلے روڈ، اینلیبی روڈ اور بیورلی کے علاقے کا محاصرہ ختم کردیا گیا ہے لیکن ہیسلے روڈ برانچ پر اب بھی گارڈ موجود ہیں۔ اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل کا کہنا ہے کہ کورونر کے اشتراک سے کام کرتے ہوئے میں یہ کہہ سکتاہوں کہ اب جبکہ شناخت کا عمل جاری ہے، ہم نے تمام 35 مرنے والوں کی فیملیز کو اطلاع دیدی ہے اور ہماری خصوصی تربیت یافتہ ماہرین کی ٹیم اس مشکل وقت میں مرنے والوں کےعزیزوں اور رشتہ داروں کو سپورٹ فراہم کررہی ہے۔ اسپیشلسٹ کی ٹیم نے ہیسلے روڈ کے علاقے میں تلاشی کا کام جمعرات کو مکمل کرلیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 7 دن کے دوران تدفین کرنے والے انڈیپنڈنٹ ڈائرکیٹرز کے ذریعے تدفین کرانے والوں کے لواحقین کی جانب سے 1,500 سے زیادہ فون کالز موصول ہوئیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ یہ ہماری کمیونٹیز کیلئے ایک بہت مشکل وقت ہے، میں تفتیش کے اس پورے مرحلے کے دوران ان کی جانب سے جس صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے، اس پران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ یقیناًایک المناک واقعہہے اور فیملیز کی پریشانی سمجھ میں آنے والی بات ہے، ہم اس سلسلے میں ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالات کے شافی جواب دینے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تفتیش بہت ہی پیچیدہ اور حساس نوعیت کی ہے، تاہم پولیس افسران کورونر اور 2 کونسلوں کے اشتراک سے کام کررہی ہے اور ہم کسی بھی اہم پیش رفت سے آگاہ کرتے رہیں گے، ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور سوگوار خاندانوں کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا ہیلپ لائن نمبر مسلسل کھلا ہوا ہے۔