حاجی ملک امین اعوان کاخواجہ نسیم کی صحت یابی پر افطار ڈنر

March 19, 2024

ویانا (اکرم باجوہ)حاجی ملک محمد امین اعوان کی جانب سے منہاج القرآن سنٹر ویانا کے بانی و سرپرست اعلیٰ الحاج خواجہ محمد نسیم کی صحت یابی کی خوشی میں منہاج القرآن سنٹر ویانا میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگوں اور خواتین نے شرکت کی۔ افطار سے قبل تلاوت قرآن پاک کی گئی اور شرکاء کے لواحقین اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شخصیات جو وفات پاگئی ہیں، کی مغفرت کیلئے دعائیں کی گئیں۔ نماز مغرب کے بعد نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے خطاب میں کہا کہ ہر وقت کوشش کریں کہ نبی اکرم ﷺ پر درودوسلام بھیجیں، حضور پاکﷺ درودوسلام کا جواب دیتے ہیں۔ احتشام شفقت نے شرکاء کے ساتھ مل کر درودوسلام پیش کیا۔علامہ عبد الحفیظ الازہری نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ ،شرکاء اور میزبان افطار ڈنر حاجی ملک محمد امین اعوان کیلئے خصوصی دعاکی۔ آخر میں الحاج خواجہ محمد نسیم نےاعوان ٹرانسپورٹ کے ملک محمد امین اعوان کا ان کی صحت یابی کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ حاجی ملک محمد امین اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔