کھڑکیاں صاف کرنے اور ڈرائیونگ انسٹرکٹرز کیلئے ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ

March 19, 2024

لندن (پی اے) ریکروٹمنٹ اور امپلائمنٹ کنفیڈریشن کے مطابق ملک میں کھڑکیاں صاف کرنے اور ڈرائیونگ انسٹرکٹرز کیلئے ملازمتوں کے مواقع میں حالیہ ہفتوں کے دوران زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ملازمتوں کیلئے بھرتی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ کھڑکیاں صاف کرنے والوں کے علاوہ مالی، مصنفین، مترجم، فیشن ڈیزائنرز اور ڈیٹا انٹری ایڈمنسٹریٹرز کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈلیوری ڈرائیور، کوریئر، اوپٹومیٹرسٹس اور جیل خانہ جات کے افسران کی طلب میں کمی ہوئی ہے۔ مختلف اخبارات میں شائع ہونے والے ملازمتوں کے لاکھوں اشتہارات دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ملازمین کی طلب میں سب سے زیادہ اضافہ لنکولن شائر، یارک شائر کے بعض علاقوں اور لندن میں ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ 810,000اسامیوں کے اشتہارات سامنے آئے، تاہم REC کا کہنا ہے کہ ملازمتوں کے یہ اشتہارات گزشتہ 3 سال کی اوسط سے کم ہیں۔REC کی ریسرچ کے مطابق ورکرز کی کمی برقرار ہے، خاص طورپر انجینئرنگ کے شعبے میں ماہر ملازمین کی کمی ہے۔ REC کے چیف ایگزیکٹو نیل کاربیری کا کہنا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ گزشتہ سال معیشت کی سست روی کے ساتھ ہی ملازمتوں کے مواقع میں بھی کمی آئی ہے لیکن لوگوں کو ملازم رکھنے کا موجودہ سلسلہ کافی اچھا ہے۔ برطانیہ کی لیبر سپلائی کی صورت حال بہت امید افزا نہیں ہے لیکن تاجروں کے اعتماد کے اضافے کے اشارے سامنے آرہے ہیں اور کمپنیز کویہ سمجھ لینا چاہئے کہ جیسے جیسے معیشت میں تیزی آئے گی، نئے ملازمین کا حصول زیادہ مشکل ہوتا جائے گا۔ حکومت بھی اب ورک فورس کے حوالے سے ایسی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کررہی ہے، جس سے معیشت ترقی کرسکے اور خوشحالی میں اضافہ ہو، فی کس جی ڈی پی میں اضافہ کی باتیں تو بہت کی جارہی ہیں لیکن اس کیلئے پالیسیوں میں ٹیکسو ں کے نفاذ، قواعد وضوابط اور انفرا اسٹرکچر میں اصلاحات کی ضرورت ہے، جس کو اب تک نظر انداز کیا گیا ہے۔ ان امور پر توجہ دے کر ہم سالانہ 39 بلین پائونڈ کا اضافہ کرسکتے ہیں۔