بانی پی ٹی آئی ملک اور قوم کی آخری امید ہیں، شکیل رفیق تھوتھالوی

March 19, 2024

لوٹن ( نمائندہ جنگ ) پی ٹی آئی کے لوٹن کے رہنما چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سیاسی تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے آج پاکستان میں پی ٹی آئی کے خلاف غیر آئینی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نگران حکومت کے بعض اہم عہدے داروں کی حکومت میں شمولیت ملکی قوانین کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ موجودہ حکومت کو اپنی کرسی کی فکر کھائے جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو اپنا ایک بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی پی ٹی آئی سے طویل رفاقت رکھتے ہیں اور ایک تعلیم یافت اور باشعور کشمیری پاکستانی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کا مینڈیٹ چوری کرنے والے ماضی سے سبق حاصل کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمیں کو پابند سلاسل بنا کر پارٹی کارکنوں پر ظلم کا ہر حربہ آزما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو ملک کے حالات کا بخوبی اندازہ ہے لیکن بھکاری حکومت کو اس بات کا احساس نہیں کہ اچھا برا وقت آتا اور چلا جاتا ہے لیکن آج جو وہ بو رہے ہیں کل انہیں وہ کاٹنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25کروڑ عوام کے سروں پر نام نہاد الیکشن کے زریعے جو حکومت مسلط کی گئی ہے۔ ایسی حکومت ملک اور قوم کے ساتھ ایک سنگین مذاق کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ انہوں نے ملک کی موجودہ حکومت کو ناکام ترین بد ترین اور تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک معاشی سطح پر ڈوب چکا ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے بانی چیئرمین ملک اور قوم کی آخری امید ہیں ۔ اگر ان کے ساتھ میرٹ کے مطابق انصاف نہ کیا گیا تو پھر قوم سراپا احتجاج بن کر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ان غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف خاموش نہیں بیٹھے گی۔ آخر میں انہوں نے 15مارچ اسلامو فوبک کے خاتمے کے خلاف عالمی دن کے موقع پر عمران خان کی ان حوالوں سے کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے ۔