پاک، برطانیہ قومی ائر لائن بحال کی جائے، حاجی منیر

March 19, 2024

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قومی ائر لائن کی سروس فوری بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ قومی ائر لائن پاکستان کی پہچان ہے ان خیالات کا اظہار حاجی محمد منیر چیف آرگنائزر عوامی مسلم لیگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حاجی محمد منیر نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ہوا بازی کےوزیر سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی سروس کے آغازکا اعلان کریں ۔ حاجی محمد منیر نے کہا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی سروس نہ ہونے کی وجہ سے اوور سیز پاکستانیوں اور کشمیر یوں کو پاکستان جانے کیلئے دوسرے ملکوں کی فضائی سروس کا سہارا لینا پڑتا ہے خصوصاً میتوں کو لے جانے کی دشواری کا سامنا ہے، حاجی محمد منیر نے کہا قومی ائر لائن کا خسارے میں چلنا حکومت کیلئےباعث بدنامی ہے ، عدم دلچسپی کا عالم یہ ہے لندن میں قومی ائر لائن کا عملہ سروس بند ہو نے کے باوجود قومی خزانے سے تنخواہ لے رہا ہے ۔ اب قومی ائر لائن کو پرائیوٹ کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا افغانستان میں برسوں غیر ملکی جنگ جاری رہی مگر فضائی سروس بند نہیں ہوئی مگر پاکستان میں قومی ائر لائن بند ہوگئی ، انہوں نے کہا پاکستان میں انصاف و قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے پورا ملک بد امنی کا شکار ہے ۔ حاجی محمد منیر نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ لندن واسلام آباد کے درمیان قومی ائر لائن سروس بحال کرنے کیلئے اقدامات کریں۔