عید محمدؒ جید عالم دین اور درویش شخص تھے، عمرتوحیدی

March 19, 2024

اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ مفتی عید محمد رحمۃ اللہ علاقہ چھچھ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ عربیہ اشاعۃ القرآن حضرو کے طالب علم،جامعہ بنوری ٹائون کراچی کے مدرس،ایک جید عالم دین،فقیر منش اور درویش صفت شخصیت تھے۔ انہوں نے روئے زمین کی پاکباز جماعت صحابہ کرام کی عزت و حرمت کیلئے20برس کی طویل اسیری برداشت کی اور اصحاب عزیمت اسلاف کی مانند ان کا جنازہ بھی جیل سے نکلا۔ ساہیوال جیل میں ان کی وفات پر تعزیتی بیان میں اپنے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفتی عید محمد کی بے بنیاد اسیری سے انصاف کا خون ہوا۔ پاکستان میں عدل کا پھول مرجھا چکا ہے، مفتی عید محمد انصاف کی امید اور حسرت دل میں لئے اپنے رب کے حضور پہنچ گئے۔ عمر توحیدی نے مزید کہا کہ اس ضمن میں پولیس نے روایتی بدنیتی سے کام لیتے ہوئے ان کے خلاف بالکل جھوٹے کیس بنائے اور ججز نے قانون و انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر مفتی مرحوم کو سپرد زنداں کر دیا،انہیں اوپن ٹرائل کا حق بھی نہیں دیا گیا، ان کے20 سالہ دور اسیری میں ظالموں نے ان پر تشدد کا ہر حربہ آزمایا، اسی کے ہاتھوں ان کی بینائی بھی ضائع ہوئی اور اسی کی وجہ سے ان کی جان بھی گئی لیکن کچھ بھی حاصل نہ کر سکے، یہ کیسی اندھیر نگری ہے کہ قانون شکنوں کو اکیس توپوں کی سلامی میں دفنایاجاتا ہے، فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو ضمانتیں ملتی ہیں اور ایک عالم دین کو ناموس صحابہ کی بات کرنے پر صرف غریب ہونے کی وجہ سے دھر لیا جاتا ہے۔ پاسبان صحابہ برطانیہ اس ظلم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتی ہے اور اس حوالے سے عنقریب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشل کے دفتر لندن میں ایک یادداشت پیش کرے گی اور ضرورت پڑنے پر پاکستان ہائی کمیشن مانچسٹر کے سامنے علامتی دھرنا بھی دےگی۔