حزب اللّٰہ کے اسرائیلی پوزیشنوں پر توپ کے گولے داغنے سے متعدد فوجی ہلاک و زخمی

March 24, 2024

کراچی(نیوزڈیسک)غزہ پر جاری جنگ کے ردعمل میں حزب اللہ کے جنگجوؤں نے اسرائیلی پوزیشنوں کے خلاف کئی جوابی حملے کیے ہیں، حملوںمیں 1948کے مقبوضہ علاقوں میں بیرکوں اور اجتماعی مقامات سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا ۔لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن نیوز نیٹ ورک نے حزب اللہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ اس گروپ نے کفارشوبہ پہاڑیوں میں رویسات العالم کے مقام کو نشانہ بنایا، جس میں جانی نقصان ہوا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کے جنگجوؤں نے توپ خانے کے گولوں سے جل العالم فوجی اڈے کے قریب اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو بھی نشانہ بنایا، جس کا سامنا جنوبی لبنان کے الما الشعب گاؤں کی طرف ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔انہوں نے دھماکہ خیز مواد سے لدے ڈرون سے میٹولا پوسٹ میں اسرائیلی جنگی ٹینک کو نشانہ بنایا۔ حزب اللہ نے زاریت بیرک کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر توپ خانے کے گولے بھی فائر کیے جس سے متعدد فوجی زخمی ہوئے۔اس دوران اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے سرحدی قصبے ایتا الشعب پر بمباری کی، جب کہ اسرائیلی ٹینکوں اور توپ خانے نے الخیام قصبے، حمامس ہل اور الودیسیہ اور کفرکیلہ گاؤں کے مضافات میں ایک مکان پر گولہ باری کی۔