معروف سوشل میڈیا سٹار حریم شاہ سیاست میں داخل، ایم پی بننے کا ارادہ

March 29, 2024

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) معروف سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ سیاست میں آگئی ہیں اور مستقبل میں برطانوی پارلیمنٹ کی رکن بننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ حریم شاہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے برطانیہ کی ایک مرکزی سیاسی جماعت کو اس کے ایک رہنما کی دعوت پر جوائن کیا ہے۔ برطانیہ میں تین بڑی مشہور جماعتیں ہیں،میں ابھی پارٹی کا نام ظاہر نہیں کر سکتی لیکن میں تصدیق کر سکتی ہوں کہ میں نے لیبر، ٹوریز اور لبرل ڈیموکریٹس (لبڈیم) پارٹیوں میں سے کسی ایک میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان پارٹیوں میں سے ایک کے سینئر لیڈر نے مجھے اس میں شامل ہونے کو کہا۔ میں مستقبل میں انتخابات میں کھڑی ہونے اور برطانوی پارلیمنٹ کی رکن بننے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ آپ مجھے برطانیہ کی پارلیمنٹ میں دیکھیں گے۔ ان جماعتوں کو نوجوان اور مقبول اثرورسوخ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا کیونکہ میں گوگل کی ٹاپ سرچ رینکنگ میں ہوں۔ میں مقبول ہوں۔ میں بھی دنیا کے سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والے لوگوں میں شامل ہوں۔ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھ سے اس طرح رابطہ کیا گیا۔ آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے الیکشن جیتوں گی۔ میں پاکستان کے لئے آواز اٹھاؤں گی۔ میں پہلے ہی انسانی حقوق کے لئے کام کر رہی ہوں۔ جنگنے گزشتہ ہفتے اطلاع دی تھی کہ حریم شاہ کو یہاں کے کچھ لوگوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد اسکاٹ لینڈ یارڈ نے انہیں تحفظ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کچھ لوگوں کے بارے میں پولیس کو شکایت کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ان کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، پیچھا کیا جا رہا ہے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب برطانوی پاکستانیوں کے ایک گروپ نے پاکستانی میڈیا کے ارکان سے رابطہ کیا اور الزام لگایا کہ حریم نے مانچسٹر میں ان کے 6000 پائونڈز چرائے تھے اور وہ شہر سے لندن فرار ہو گئی تھیں۔ حریم نے کسی بھی رقم کی چوری کی تردید کی اور کہا کہ الزام لگانے والوں کو سوشل میڈیا اور دھمکیوں اور بلیک میل کے ذریعے بدنام کرنے کے بجائے میرے خلاف پولیس کے پاس جانا چاہئے اور اس سے تفتیش کرانی چاہئے۔ حریم شاہ کی لندن پولیس سے شکایت کے بعد سلائو کی مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی حکومت کا ماڈرن سلیوری ہیومن ٹریفکنگ یونٹ (ایم ایس ایچ ٹی یو) بھی تحقیقات میں شامل ہے۔ پولیس نے جنگ اور جیو نیوز کو اس بات کی تصدیق کی کہ حریم شاہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ لندن سے باہر اپنے معلوم پتے سے منتقل ہو جائیں اور پولیس کی جانب سے انہیں ان لوگوں سے بچانے کے لئے ایک نئے پتے پر منتقل کر دیا گیا جو حریم کے مطابقلندن میں ان کی تلاش کے لئے ان کے دوستوں کے دروازے پر دستک دے رہے تھے۔ حریم شاہ ایک سال سے زائد عرصہ قبل پاکستان چھوڑ کر لندن آ گئی تھیں اور اس کے بعد سے وہ وطن واپس نہیں گئیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اب وہ مستقل طور پر لندن میں مقیم ہیں۔