ساحر علی بگا کی راحت فتح علی خان پر سخت الفاظ میں تنقید

March 30, 2024

---فائل فوٹوز

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ساحر علی بگا کی جانب سے موسیقار و قوال راحت فتح علی خان پر سخت الفاظ میں تنقید کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ساحر علی بگا اور راحت فتح علی خان دونوں ہی اپنی آواز کے جادو سے کروڑوں سامعین کو متاثر کر چکے ہیں۔

ان معروف گلوکاروں کی جانب سے گایا جانے والا ہر گانا خواہ وہ ڈرامے کا او ایس ٹی ہو یا ان کی اپنی البم سے، سپر ہٹ ضرور ہوتا ہے۔

یہ دونوں فنکار کئی برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کے سلسلے میں جڑے ہوئے ہیں، ساحر علی بگا قوال راحت فتح علی خان کے لیے کئی ہٹ گانے بھی کمپوز کر چکے ہیں۔

اب ساحر علی بگا کی سوشل میڈیا پر کی گئی نئی پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ جیسے ان لیجنڈ گلوکاروں کے آپسی معاملات خراب ہو چکے ہیں۔

گلوکار ساحر علی بگا کی جانب سے قوال راحت فتح علی خان کے خلاف کی گئی گزشتہ شام پوسٹ منٹوں میں وائرل ہو گئی جس پر صارفین حیران، پریشان اور تذبذب کا شکار نظر آ رہے ہیں۔

اسکرین شاٹ

ساحر علی بگا نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ ’راحت فتح علی خان درندہ صفت ہونے کے ساتھ ساتھ منافق بھی ہیں۔‘

گلوکار ساحر علی بگا کی جانب سے قوال راحت فتح علی خان کے خلاف کی گئی اس انتہائی سخت پوسٹ پر ناصرف ان کے مداحوں میں بلکہ مکمل شوبز انڈسٹری میں بھی نئی چہ مگوئیوں نے جنم لیا ہے۔

واضح رہے کہ ساحر علی بگا نے اپنی یہ پوسٹس سوشل میڈیا سے کچھ دیر بعد حذف کر دی تھیں مگر ان کے اسکرین شاٹس تاحال وائرل ہیں۔