مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی میسجز بھیجنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

April 15, 2024

اداکارہ مومنہ اقبال ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی میسجز بھیجنے والوں سے تنگ آگئیں اور سب کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

مومنہ اقبال نے اپنی انسٹا اسٹوری پر کچھ سوشل میڈیا صارفین کے اکاؤنٹس اور ان کی جانب سے بھیجے گئے غیر اخلاقی میسجز کے اسکرین شاٹ شیئر کیے ہیں۔

اُنہوں نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ساتھ میں ایک تفصیلی نوٹ بھی شیئر کیا ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ فجر کا وقت ہے میں نماز پڑھ کر اللّٰہ کی قسم کھا کر کہتی ہوں کہ اب کوئی بھی ہو سب کو جواب ملے گا اگر میری فیملی پر بات آئی چاہے کوئی بھی ہو، میں کسی رشتے کا بھی لحاظ نہیں کروں گی میں نے اب تک بہت بکواس سن لی ہے۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

اُنہوں نے لکھا کہ بات وہ کریں جو فرشتہ صفت ہوں اور جنہوں نے اپنی زندگی بہت پاکیزگی میں گزاری ہو۔

مومنہ اقبال نے لکھا کہ میں نے آج تک کسی فضول انسان کو اہمیت نہیں دی لیکن یہ سب اس بات کے مستحق ہیں کہ انہیں اہمیت دے کر بے بقاب کیا جائے اور اب سے میرے مداح بھی انہیں اہمیت دیں گے۔

اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ آج کے بعد کسی بھی لڑکی یا لڑکے کو سوشل میڈیا پر کوئی اس طرح ہراساں کرنے کی کوشش کرے، اس کے ماں باپ بننے کی کوشش کرے یا پھر یہ بتانے کی کوشش کرے کہ وہ کس خاندان سے ہے تو ایسے لوگوں کو ضرور مشہور کریں۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

اداکارہ نے لکھا کہ ایسے لوگ جو سوشل میڈیا پر الٹی سیدھی بکواس کرنے آجاتے ہیں اُنہیں ہمارے کردار کا سرٹیفیکیٹ لے کر گھومنے کے بجائے اپنی فکر کرنی چاہیے۔

اُنہوں نے آخر میں لکھا کہ اگر آپ لوگ ایسی غیر اخلاقی باتیں سرِ عام مسیجز کے ذریعے بھیجیں گے تو جواب بھی سرِ عام ہی ملے گا۔