دانیال ظفر کو سوشل میڈیا ٹرولنگ کیوں متاثر نہیں کرتی؟

April 15, 2024

پاکستان میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار علی ظفر کے نقش قدم پر چلنے والے ان کے چھوٹے بھائی، گلوکار و اداکار دانیال ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سوشل میڈیا ٹرولنگ اس لیے متاثر نہیں کرتی کیونکہ انہیں بچپن سے ہراسانی کا سامنا رہا ہے اور اب اس کا مقابلہ کرنا سیکھ لیا ہے۔

حال ہی میں دانیال ظفر نے نجی میگزین کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر گفتگو کی۔

دوران انٹرویو انہوں نے بتایا کیا کہ میں پاکستانی ڈرامے نہیں دیکھتا لیکن جانتا ہوں کہ انہیں بہت پسند کیا جاتا ہے، اس لیے بعض اوقات جو لوگ مجھے ڈراموں میں دیکھتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ میں حقیقت میں بھی ایسا ہی ہوں، لیکن ایسا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر صارفین جب میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ دیکھتے ہیں تو مایوس ہوجاتے ہیں کیونکہ میں ان کی سوچ پر پورا نہیں اترا اور وہ مجھے پھر طویل پیغامات بھیجتے ہیں کہ میں نے انہیں دھوکا دیا ہے، وہ کردار اور اداکار کو الگ نہیں کرپاتے۔

میزبان کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ میں مداحوں کی پسندیدگی کے لیے خود کو نہیں بدل سکتا کیونکہ میری اپنی ایک شخصیت ہے جو مجھے پسند ہے، میں جانتا ہوں کہ میں ہر وقت سب کو خوش نہیں رکھ سکتا اس لیے میں اس کی کوشش بھی نہیں کرتا۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ بچپن سے ہی انہیں ٹرولنگ و ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے اس لیے اب اسے نمٹنا سیکھ لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکول میں کئی مرتبہ ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، ایک کلاس سے دوسری کلاس یا کلاس سے گراونڈ تک جانا مشکل ہوجاتا تھا ارد گرد کے بچے باتیں بناتے تھے کہ یہ کیسے باتیں کرتا ہے، اس کے چلنے کا انداز کیسا ہے، یہ کیسا دکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان چیزوں سے نمٹنا سیکھ لیا اور آج جب بھی سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ تجربہ میرے کام آتا ہے، اور سائبر بُلنگ سے زیادہ متاثر نہیں ہوتا۔