فائرنگ کے بعد سلمان خان نے دوستوں کو گھر آنے سے منع کردیا

April 15, 2024

سلمان خان: فوٹو فائل

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے گھر پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد بھی دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر اپنا کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے اپنے دوستوں کو بھی گھر آنے سے منع کردیا ہے۔

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان اور ان کی فیملی نے واقعے پر کوئی ردعمل ظاہر نہ کرکے مجرموں کو غیر ضروری توجہ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ سلمان خان نے فیصلہ کیا ہے وہ فائرنگ کے واقعے کے باوجود اپنے منصوبوں کو جاری رکھیں گے، جنہیں مکمل کرنے کیلئے انہوں نے پوری توجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور اس واقعے کے پیچھے موجود عناصر کو بالکل توجہ نہیں دیں گے، کیونکہ انہیں لگتا ہے وہ لوگ یہی چاہتے ہیں۔

سلمان خان نے اپنے دوستوں اور اداکاروں سے کہا ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں اور گلیکسی اپارٹمنٹس (سلمان خان کا گھر) بھی نہیں آئیں، کیونکہ اس کی وجہ سے دوسرے لوگوں کو تکلیف پہنچ رہی ہے۔

ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ سلمان خان کے والد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان کے پاس اس حوالے سے بتانے کو کچھ نہیں ہے، فائرنگ کے واقعے میں ملوث لوگ صرف پبلسٹی چاہتے ہیں، اسی لیے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کو سلمان خان کے گھر کے باہر گولیوں کے تین راؤنڈ فائر کیے گئے۔ جس کے فوراً بعد ممبئی پولیس حرکت میں آگئی تھی۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اداکار کو فون کیا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ ممبئی میں مقیم سیاستدان بابا صدیقی بھی ان کے گھر گئے۔

گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ لارنس اس سے قبل سلمان کو متعدد دھمکیاں دے چکے ہیں۔ گینگسٹر نے دعویٰ کیا کہ وہ کالے ہرن کے قتل کے مبینہ کیس کا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔