کراچی والے بوری بند لاشیں اور بھتہ خوری بھولے نہیں، مرتضیٰ وہاب

April 16, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بوری بند لاشیں، بھتہ خوری اور ظلم ستم کے دن کراچی والے بھولے نہیں ہیں جب ایم کیو ایم والے اندرونی طور پر تقسیم ہوتے ہیں وہ حواس باختہ ہو جاتے ہیں اور اسی قسم کی باتیں کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات کر رہی ہے کراچی میں جرائم میں ملوث کئی ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جبکہ بعض ملزمان پولیس مقابلوں میں مارے بھی گئے ہیں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ کشمور سے کراچی تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے آج بھی وزیرداخلہ سندھ اور آئی جی پولیس کشمور میں ہیں،کچے کے ڈاکوؤں سے لیکر پکے کے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف پولیس اور رینجرز سخت کارروائیوں میں مصروف ہے، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست کرنے والے صرف اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، ڈھنڈورا پیٹنے والے عوام سے مخلص نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایم کیو ایم مقامی اداروں کی مضبوطی اور دوسری جانب وفاق کو صوبہ کنٹرول کرنے کی دعوت دیتی ہے، متحدہ نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی ہے،نفرت کی سیاست کرنے والے سیاسی تنہائی کا شکار ہیں ہم غیر سنجیدہ باتوں پر دھیان دینے کے بجائے عمل پر یقین رکھتے ہیں، ہم تنقید کا مقابلہ ترقیاتی کاموں اور قیام امن سے کرینگے، ماضی کی بات کی تو ان کی نیندیں حرام ہو جائینگی، اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کامیابی حاصل ہوگی۔