مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 زخمیوں سمیت 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

April 16, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پولیس نے شہر میں مبینہ مقابلوں میں دو زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق سچل پولیس نے ایف گارڈن سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،گرفتار ملزمان کی شناخت عنایت اللہ اور محمد صدیق کے نام سے ہوئی۔ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور تھانہ گڈاپ سٹی کی حدود سے سرقہ شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی،پولیس کے مطابق ملزمان کا کراچی اور اندرون سندھ میں کرمنل ریکارڈ موجود ہے اور اس سے پہلے بھی ملزمان متعدد بار گرفتار ہو چکے ہیں،بغدادی پولیس نے احمد شاہ بخاری روڈ ایم ایم صادق اسکول کے قریب مبینہ مقابلے میں دو ملزمان حاجی ریاست اور جمشید کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے پستول،ہینڈ گرنیڈ اور 170 گرام چرس برآمد کر لی،پولیس کے مطابق ملزمان منشیات فروشی میں ملوث ہیں،پولیس نے بتایا کہ ملزم حاجی ریاست پرانا گولیمار اور جہان آباد میں منشیات فروشی کا بڑا ڈیلر رہا ہے جبکہ ملزم جمشید حاجی ریاست کا بھانجا ہے،ملزمان پولیس کو انتہائی مطلوب تھے،بلال کالونی تھانے کی حدود میں شاہین فورس کے اہلکاروں نے مبینہ مقابلے میں کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا،ملزمان کا تیسرا ساتھی فرار ہونے لگا تو شہریوں نے اسے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا،پولیس نے ملزم کو عوام سے چھڑا کر تھانے منتقل کر دیا۔