شاہ رخ خان ساتھی اداکاروں کا بہت خیال رکھتے ہیں، اداکارہ پریامانی

April 16, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی بھارتی اداکارہ پریامانی نے بالی ووڈ کے کنگ خان، شاہ رخ کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ایک تقریب کے دوران جب آدھی رات بیت گئی تو انھیں بحفاظت گھر پہنچانے کےلیے بالی ووڈ سپر اسٹار نے ایک کار میں کئی باڈی گارڈز کو ان کے ہمراہ بھیجا۔

واضح رہے کہ بنگلور سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ اداکارہ پریامانی نے فلم جوان میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا۔ انکا کہنا تھا کہ سپر اسٹار ساتھ کام کرنے والے افراد کا بہت خیال رکھتے ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران پریامانی نے کہا کہ جوان کے ہدایتکار ایٹلی کی چنئی میں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی اور صبح کے چار بج گئے، اب ہم تمام خواتین کو واپس ہوٹل جانا تھا۔

اس موقع پر شاہ رخ خان ہمیں الوداع کہنے باہر کار کے پاس آئے اور پھر انھوں نے ایک کار میں باڈی گارڈز کو ہمارے ساتھ بھیجا تاکہ وہ ہمیں بحفاظت ہمارے ہوٹل تک چھوڑ کر آئیں۔

یاد رہے کہ پریامانی نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم چنئی ایکسپریس میں بھی کام کیا تھا۔