ماں آپ شادی کب کر رہی ہیں؟ ملائیکا اروڑہ سے بیٹے کا سوال

April 17, 2024

فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و رقاصہ ملائیکا اروڑہ کے بیٹے ارہان خان نے اپنے چیٹ شو کے دوران والدہ سے شادی کی منصوبہ بندی سے متعلق سوال پوچھ لیا۔

یاد رہے کہ اداکار و فلمساز ارباز خان اور ملائیکا اروڑا کے بیٹے ارہان خان آج کل اپنی پوڈ کاسٹ ’ڈمب بریانی‘ کے سبب خبروں میں ہیں۔

شو کی گزشتہ قسط میں ارہان خان نے اپنے والد ارباز خان اور چچا سہیل خان کو مدعو کیا تھا جبکہ اس شو کی آئندہ آنے والی قسط میں ارہان اپنی والدہ کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔

اس شو کے ٹیزر سے چند جھلکیاں سوشل میڈیا پر ابھی سے وائرل ہیں جن میں ارہان خان اپنی والدہ سے شادی سے متعلق سوال کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ ملائیکا اروڑا گزشتہ کئی برسوں سے اداکار ارجن کپور کو ڈیٹ کر رہی ہیں مگر تاحال انہوں نے شادی کا منصوبہ نہیں بنایا ہے۔

ارہان خان مختصر ویڈیو کلپ میں والدہ، ملائیکا سے کہتے ہیں کہ ’ماں، مجھے اپنا ہاتھ دکھائیں، ماں کا ہاتھ پکڑنے پر ارہان ملائیکا سے سوال پوچھتے ہیں ’تم شادی کب کر رہی ہو؟‘

شو کے ٹیزر میں ملائیکا اروڑا نے اس سوال پر ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔

چھ حصوں پر مشتمل چیٹ شو کی یہ مکمل قسط کل، بدھ 17 اپریل کو یوٹیوب پر نشر ہوگی۔

واضح رہے کہ ملائیکا نے ارہان خان کے والد، ارباز خان سے تقریباً 19 سال کی عمر میں شادی کی تھی، بعد ازاں 2017 میں اس جوڑی میں طلاق ہوگئی تھی۔

ارباز نے دسمبر 2023ء میں شورا خان سے شادی کر لی جبکہ ملائیکا اروڑا تاحال ارجن کپور کے ساتھ گرل فرینڈ اور بوائے فرینڈ کے رشتے میں منسلک ہیں۔