کراچی: ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل راہ گیر خاتون کی میت آبائی علاقے روانہ

April 18, 2024

—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے ملیر میں مبینہ طور پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہ گیر خاتون کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کا تعلق لودھراں سے ہے جس کے اہلِخانہ میت تدفین کے لیے آبائی علاقے لے گئے ہیں۔

واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ملیر سٹی تھانے میں تحت درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں اقدامِ قتل، ڈکیتی و دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ملزمان ڈکیتی کر رہے تھے، عوام نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے راہ گیر خاتون اور ایک رکشہ ڈرائیور زخمی ہوا، زخمی خاتون شاہدہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد میں دم توڑ گئی۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے، ڈاکوؤں کے دیگر 2 ساتھی فرار ہو گئے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی میں رواں سال کے 4 ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 63 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 2023ء میں جنوری سے اپریل تک 25 افراد قتل اور 110 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال اب تک 440 پولیس مقابلے ہوئے ہیں جن میں 60 سے زائد ڈاکو مارے گئے جبکہ 455 ڈاکو زخمی ہوئے۔