حکومت اور عوام برطانیہ کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی طرف گامزن ہیں، ایاز صادق

April 18, 2024

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، حکومت اور عوام برطانیہ کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی طرف گامزن ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے سیاسی اتفاق رائے ضروری ہے، ماضی میں ملک کو چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نکالا ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی تعاون سے تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانوں کے درمیان بات چیت سے معاشی تعاون مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی برطانیہ کی قومی ترقی میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں، پاک برطانیہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں کردار ادا کررہا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، برطانوی ہائی کمیشن دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

جین میریٹ کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی دوستی گروپس کے پلیٹ فارم سے مضبوط پارلیمانی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔