تیز رفتار ٹریلر سڑک کنارے سوئے 2 افراد پر چڑھ گیا، موقع پر جاں بحق

April 19, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4افراد جا ں بحق ہوگئے،جبکہ صدر اور احسن آباد سے 2 افراد کی لاشیں ملیں ہیں،تفصیلات کے مطابق کلفٹن بلاک ون ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 25 سالہ بلال ولد راجہ حسین جاں بحق ہوگیا،نیو کراچی بلال کالونی میں ٹریفک حادثے میں 20 سالہ اسماعیل جاں بحق ہوگیا،متوفی نیو کراچی کا رہائشی تھا، سپر ہائی وے ہوٹل کے قریب تیز رفتارٹریلر سڑک کنارے سوئے دو افراد پر چڑھ گیا، حادثے کے بعد ڈرائیور ٹریلر سمیت فرار ہوگیا،حادثے کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، فوری طور دونوں کی شناخت نہیں ہوسکی، عمریں 25 اور27 سال کے قریب بتائی جاتی ہیں ،پولیس کے مطابق دونوں متوفی نشے کے عادی تھے، لاشیں سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں،علاوہ ازیں صدر ریگل چوک کے قریب فٹ پاتھ سے40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، لاش کی شناخت اور وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا ، احسن آباد گلشن معمار کے درمیان کےالیکٹر ک آفس کے قریب فٹ پاتھ سے35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، لاش کی شناخت اور وجہ موت کاتعین نہیں ہوسکا، دونوں لاشیں پولیس نے سردخانے منتقل کردیں۔