خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات کا مالی بحران، گورنر کا وزیراعلیٰ کو خط

April 19, 2024

خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات کے مالی بحران سے متعلق گونر حاجی غلام علی نے صوبے کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خط لکھ دیا۔

گورنر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا میں سرکاری جامعات کو مسائل درپیش ہیں، مختلف جامعات میں وائس چانسلرز کی عدم موجودگی سے تعلیم متاثر ہورہی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ گورنر سیکریٹریٹ نے جامعات کی موجودہ صورتحال کی رپورٹ مرتب کی ہے، رپورٹ میں اعلیٰ تعلیمی پالیسیوں میں خامیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ اجتماعی حکمت عملی اور پالیسیز اختیار کرنے سے جامعات بہتر ہو سکتی ہیں۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ اسٹیک ہولڈرز نے یونیورسٹیز ایکٹ 2012 کی مختلف شقوں میں خامیوں کی نشاندہی کی ہے، یونیورسٹی ایکٹ میں ضروری ترامیم کی تجویز صوبائی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔