جیو فلمز پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ کا شراکت دار

April 24, 2024

مانو اینی میشن اسٹوڈیوز نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی پہلی اور منفرد ہاتھ سے تیار کردہ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ پاکستان بھر میں نمائش کے لیے پیش کرنے میں جیو فلمز ہمارا شراکت دار ہے۔

مانو اینی میشن اسٹوڈیوز کے مطابق یہ شراکت داری ہمارے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے کیونکہ ہم جیو فلمز کے ساتھ مل کر اپنی دلکش کہانی کو پورے پاکستان میں اسکرین پر لارہے ہیں۔

میڈیا انڈسٹری میں ”جیو فلمز“ کی قابل ستائش مہارت اور نمایاں حیثیت کے ساتھ ہمیں یقین ہے کہ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ساتھ یہ تازہ ترین شراکت داری ’دی گلاس ورکر‘ کو پورے پاکستان کے ناظرین تک پہنچانے اور ان کی حوصلہ افزائی کو یقینی بنانے میں انتہائی مددگار ہوگی۔

یاد رہے کہ رواں برس موسم گرما میں ’دی گلاس ورکر‘ پاکستان بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

جیو فلمز اس سے قبل بھی کئی مشہور اور شاہکار فلمیں اپنے ناظرین کے لیے پیش کرچکا ہے اور ناظرین نے ہمیشہ انہیں پسند کیا ہے، ان فلموں کی حوصلہ افزائی کی اور جیو فلمز پاکستانی سینما گھروں کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولا جٹ اور ڈونکی کنگ جیسی مشہور اور شاہکار فلمیں جیو فلمز پاکستانی ناظرین کے لیے پیش کرچکا ہے۔

جیو فلمز کے نمائندے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ’گلاس ورکر‘ کو پیش کرنے کے لیے پرجوش ہیں کیونکہ یہ ان چند منصوبوں میں سے ایک ہے جس کا نا صرفپاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں ہاتھ سے تیار کردہ اینی میتڈ فلم بنانے کے منفرد تجربے کا اشتراک اور تجربہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عثمان ریاض اور انکی ٹیم کی کاوشون کو سراہتے ہیں جو انھوں نے ہاتھ سے تیار کردہ اینی میٹڈ فلم بنا کر لوگوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے، فلم اس سال موسم گرما میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔