40 تولے سونا چھین لیاگیا، شہری 5 گاڑیوں، 20 موٹرسائیکلوں سے بھی محروم

April 27, 2024

اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگا ر ) جڑواں شہروں میں 75 وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاقے پانچ کاریں ، ایک رکشہ ، 20 موٹر سائیکل ،30 موبائل ، مویشی چوری کر لئے گئے ۔ پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کے فراڈ ، خیانت مجرمانہ اور چیک ڈس آنر کے ڈیڑھ درجن سے زائد مقدمات بھی درج کر لئے۔ تھانہ گولڑہ کے علاقے محلہ سکندر آباد سے دو مسلح افراد نے لوٹنے کی کوشش کے دوران ارمان خان پر فائرنگ کر دی۔ تھانہ سنبل پولیس نے سید قمر رضا کے گھر ڈکیتی میں چالیس تولے سونا، 15 ہزار نقدی ،کلاشنکوف اور لائسنسی پستول چھیننے کا مقدمہ درج کر لیا ۔تھانہ چونترہ کے علاقے سہال سے ملک نیاز احمد کا ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کا بیل ، بھینس اور گائے چوری ہو گئی ۔تھانہ مندرہ کے علاقے گوڑہ سے عامر نواز کی چھ لاکھ مالیت کی 14 بکریاں ، تھانہ سول لائن کے علاقے تلسہ روڈ پر کرنل سید الرحمٰن کی چار لاکھ روپے مالیتی کیبل تار چوری کر لی گئی ۔ تھانہ صادق آباد کے علاقے خرم کالونی میں سید احسن احمد سے دو مسلح افراد ڈیڑھ لاکھ مالیت کا موبائل فون اور 35ہزار روپے ،تھانہ صدر بیرونی کے علاقے داماں موڑ پر دو مسلح افراد عدنان احمد سے اسلحہ کی نوک پر ایک لاکھ 15 ہزار روپے اور دیگر قیمتی سامان ، تھانہ واہ کینٹ کے علاقے کشمیر کالونی سے فیضان رفیق سے تین مسلح افراد نے پونے دو لاکھ مالیت کے چار موبائل فون اور 25ہزار نقدی لوٹ لی۔تھانہ ہمک پولیس نے حسن شہباز کی رپور ٹ پر مصطفیٰ نصیر کے خلاف تین کروڑ پانچ لاکھ چالیس ہزار خیانت مجرمانہ ، تھانہ بھارہ کہو پولیس نے کامران عطا اللہ کی رپورٹ پر اس کے ملازم زین شیخ اور منصور کے خلاف آٹھ لاکھ 35ہزار کے ڈالر چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔