ایس ڈی جی ایس کے حصول میں حقوق ملکیت دانش کا اہم کردار ‘ جام کمال

April 27, 2024

آباد (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ملک میں جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی ایس) کے حصول میں حقوق ملکیت دانش (آئی پی) کا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) کے تعاون سے ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی ڈے 2024 کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ حقوق ملکیت دانش فریم ورک کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جام کمال نے کہا کہ آئی پی کے فوائد تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ جدت طرازی اور انٹرپرینیور شپ کو آگے بڑھانے کے لئے حکومت، صنعت، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان شراکت داری اور اشتراک کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ تقریب سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری، آئی پی او کے چیئرمین فرخ آمل، ڈی جی آئی پی او شازیہ عدنان، یوبی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔