مقررہ قیمت پر گندم خریداری سے انکار پر کسان زندہ درگور ہو گئے ، میاں اسلم

April 27, 2024

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر ) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر میاں اسلم نے کہا ہے کہ پنجاب کی آدھی آبادی کا روزگار زراعت سے وابستہ ہےلیکن حکمرانوں نے زراعت کا مستقبل تباہ کردیا ہے۔ کسان اور گندم کی ناقدری کی گئی ہے۔ کسان بورڈ کے مقامی رہنماوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لوگ حکمرانوں کے دعوے نہیں عمل دیکھتے ہیں۔ پہلے گندم کی قیمت لاگت سے کم مقررکرکے کسانوں کو گھاٹا دیا گیا اور اب حکومت اپنی مقرر کردہ قیمت پر بھی گندم خریدنے سے انکاری ہے جس سے کسان زندہ درگور ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ گندم کی فی من امدادی قیمت پانچ ہزار روپے مقرر کی جائے۔ حکومت کی کسان دشمن پالیسی کے خلاف کسان بورڈ نے ملک بھر میں کسانوں کے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔