عالمی شہرت یافتہ گلوکار، موسیقار، کمپوزر، ریکارڈ پروڈیوسر اور گیت نگار اے آر رحمان نے کنسرٹ کے دوران اس وقت حاضرین سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار گھٹنوں کے بل جھک کر کیا جب پرستاروں نے ان کے گانے کی لائنیں انکے ساتھ دہرائیں۔
چنئی میں منعقدہ ان کے اس حالیہ کنسرٹ کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سننے والوں کے اس جذبے سے بے حد متاثر اور خوش ہوئے جب حاضرین محفل نے ان کے گیت کے بول ہم آواز ہو کر گائے۔
ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ہونے والا یہ کنسرٹ دی ونڈر ٹور کے حصے کے طور پر پرفارم کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر اسکی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں ساؤتھ کے تامل سپر اسٹار دھنوش نے اسٹیج پر آ کر ناظرین کو حیران کر دیا۔
انھوں نے اس موقع پر اے آر رحمان کے ساتھ پرفارم کیا۔ ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلم ریان کے ایک گانے کی پرفارمنس کے دوران اے آر رحمان ناظرین کے احترام میں جھک کر بیٹھ گئے۔
اس حوالے سے ایک مداح نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی اور اس کے کیپشن پر لکھا: اے آر رحمان جس وقت اپنے گھٹنوں کے بل بیٹھے تو اس وقت پورا اسٹیڈیم گیت گا رہا تھا۔ وہ 2024 کی دھنوش کی فلم کا گانا تھا۔
کنسرٹ کے بعد اے آر رحمان نے سوشل میڈیا سے بریک لینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کنسرٹ میں لیا گیا ایک سلیفی ویڈیو اپنے انسٹا گرام پر پوسٹ کیا اور لکھا: ہوم سوئٹ ہوم، میرا پیارا قبیلہ۔