اسٹاک مارکیٹ، فروخت کا دباؤ برقرار، 447 پوائنٹس کی کمی

June 06, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، بجٹ سے متعلق بے یقینی کے باعث فروخت کے دباؤکا رحجان برقرار، کے ایس ای 100انڈیکس میں447پوائنٹس کی کمی، 55.78 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی، سرمایہ کاری مالیت 55ارب 1کروڑ 73لاکھ روپے کم ہوگئی،کاروباری حجم بھی18.91فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق بجٹ انتظار میں سرمایہ کاروں کارویہ محتاط ہے ، بجٹ بارےمارکیٹ میں گردش کرتی منفی خبروں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی اکثریت سرمائےکے انخلاء کو ترجیح دے رہی ہے جس سے مارکیٹ میں منفی رحجان دیکھا جا رہا ہے ،بدھ کو بھی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز پر انڈیکس میں معمولی تیزی کے بعد ایک بار پھر فروخت کا دباو بڑھ گیاجس سے مارکیٹ میں دن بھر مندی چھائی رہی اور انڈیکس 530 پوائنٹس تک کم ہو گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 447.22 پوائنٹس کے اضافے سے 74219.44 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 139.37 پوائنٹس کی کمی سے 23779.35 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 268.24 پوائنٹس کی کمی سے 48230.95 پوائنٹس سے کم ہو کر 47962.70 پوائنٹس پر آگیا، مارکیٹ میں 441 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا۔