اسٹاک مارکیٹ، سرمائے کے انخلا کا تسلسل برقرار، 663 پوائنٹس کم

June 12, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،نئے بجٹ سے متعلق بے یقینی اور ٹیکس خدشات کی وجہ سے سرمائے کے انخلا کا تسلسل برقرار، آئل اینڈ گیس، بینکنگ ،فرٹیلائزر اور دیگر اہم سیکٹرز میں فروخت کا دباو بڑھنے سے مارکیٹ میں مندی کا رحجان، کے ایس ای100انڈیکس میں 663 پوائنٹس کی کمی،73 ہزار پوائنٹس کی حد بھی برقرار نہ رہی، 61.02 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی، سرمایہ کاری مالیت مزید 99 ارب 63 کروڑ 77 لاکھ روپے گھٹ گئی تاہم کاروباری حجم میں 6.22 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تفصیلات کے مطابق طویل عرصے بعد شرح سود میں کمی کے بعد منگل کو مارکیٹ مثبت زون میں کھلی اور مالیاتی اداروں کی جانب سے خریداری سے 100انڈیکس 614 پوائنٹس تک پلس میں چلا گیا لیکن جلد ہی نئے بجٹ سے متعلق کئی منفی خبریں مارکیٹ میں گردش کرنے لگیں جس سے اچانک کچھ سیکٹرز میں فروخت کا رحجان بڑھ گیا اور 100انڈیکس 776 پوائنٹس تک کم ہو گیا تاہم اختتام پر اس اتار چڑھاو کے بعد کے ایس ای100انڈیکس 663.07 پوائنٹس کی کمی سے 73252.56 پوائنٹس سے کم ہو کر 72589.49 پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔