ہمیں ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے اپنی انا کی قربانی دینا ہوگی، ضیاء عباس

June 16, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ہمیں ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے اپنی انا کی قربانی دینا ہوگی، قربانی کا جذبہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے جو ہمیں اسلام اور اپنی ریاست سے محبت اور اس کے لئے بے پناہ قربانی کا راستہ بھی دکھاتا ہے، اس وقت ہمارا ملک جن خطرات سے دوچار ہے اس میں معاشی حالات سر فہرست ہے جس سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو ایک پیج پر آنا ہوگا، ملک اس وقت کسی بھی قسم کی احتجاجی تحریک کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، جو سیاسی جماعت ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے وہ پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے، ان کی ملک کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی،اس جماعت کو قومی الیکشن کی طرح کسی بھی احتجاجی تحریک میں قوم کی جانب سے پذیرائی نہیں ملے گی اور انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔