میرپورخاص کے 4 بچوں میں مشتبہ پولیو کیس سامنے آگیا

June 16, 2024

میرپورخاص (سید محمد خالد) ضلع میرپورخاص کی تحصیل سندھڑی میں چار بچوں میں مشتبہ پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت نے معاملے کی مکمل انکوائری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ مشتبہ پولیو کے کیسز گاؤں ولی محمد کنگرانی میں سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ بچوں کی عمریں 2 سے 8 سال کے درمیان ہیں جن میں ایک بچی بھی شامل ہے۔ ورثاء کا دعویٰ ہے کہ پولیو ٹیم نے ان سے اس معاملے پر خاموش رہنے اور کسی سے بات نہ کرنے کا کہا تھا۔ ادھر محکمہ صحت نے معاملے پر چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ڈی ایچ او میرپورخاص ڈاکٹر جے رام نے اس نمائندے سے گفتگو میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے سمیت ماہر ڈاکٹرز کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ ماضی میں گاؤں کے لوگ پولیو ویکسین مہم کے موقع پر اپنی شرائط رکھ کر اسکا بائیکاٹ کرتے رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے علاقے میں پولیو ویکسین پلانے کی مکمل تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔